ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس کی طرف طلبا کو زیادہ تعداد میں راغب کیا جائے: شیوکمار

کانگریس کی طرف طلبا کو زیادہ تعداد میں راغب کیا جائے: شیوکمار

Wed, 01 Aug 2018 22:04:39    S.O. News Service

بنگلورو یکم اگست(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن ڈی کے شیوکمار نے کانگریس کی طلبا تنظیم این ایس یو آئی کے کارکنوں کو آواز دی کہ پارٹی کے پروگراموں اور پالیسیوں سے طلبا کو جوڑنے کی مہم میں شدت لائی جائے۔آج شہر میں کانگریس کارکنوں کے اسپورتی سماویش سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں منظم طور پر نوجوان کانگریس کارکنوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، ایسے میں پارٹی کارکنوں کی یہ اہم ذمہ داری ہے کہ جن کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ان کے ساتھ کھڑے ہوں اور بے خوف ہوکر نشانہ بنانے والوں کو بے نقاب کریں۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی کی طرف سے نوجوانوں کو بڑھاوا دیا جارہاہے تاکہ آنے والے دنوں میں ملک کا سیاسی مستقبل بن کر ملک کو ترقی کی جانب لے جاسکیں۔ اسی بھروسے کے ساتھ صدر کانگریس راہل گاندھی نے ریاست کے ایک نوجوان لیڈر دنیش گنڈوراؤ کو کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی صدارت سونپی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیش گنڈو راؤ نے پچھلی سدرامیا حکومت میں اپنی وزرات کو قربان کرکے پارٹی کے کاموں کو گلے لگایا ۔ کے پی سی سی کارگزار صدر اور اب صدر کی حیثیت سے پورے جوش وخروش کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ اس موقع پر رکن کونسل رضوان ارشد نے کہاکہ دنیش گنڈوراؤ ریاست میں کانگریس سے وابستہ نوجوانوں کے لئے حوصلے کا سبب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے انتخابات سے قبل ریاست میں ہندو نوجوانوں کے قتل کے متعلق واویلامچارکھاتھا، اب ہندوؤں کے ساتھ یہ ہمدردی کیوں نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی مفادکی خاطر بی جے پی نے یہ معاملات اٹھائے تھے، اب جبکہ انتخابات ہوچکے ہیں بی جے پی نے ان سب کو فراموش کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی ایک موقع پرست سیاسی جماعت ہے ، اسے کسی مذہب یا طبقے کے مفاد سے کچھ لینا دینا نہیں بلکہ صرف ان کا سیاسی استحصال کرنا ہی جانتی ہے۔ بی جے پی کی اس حقیقت کو عوام کے سامنے لانے کی ضرورت پر انہوں نے زور دیا اور کہاکہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی کو مضبوط کرنے کے مقصد سے دنیش گنڈوراؤ نے جو خصوصی تحریک شروع کی ہے انہیں یقینی ہے کہ یہ کامیاب رہے گی۔ 


Share: